• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارتی حکمت عملی کو ٹھوس شراکتوں پر استوار کرنا چاہیے، علی جہانگیر صدیقی

کراچی ( جنگ نیوز)ییل یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی پہلی "Ivy Future of Pakistan Conference" میں ہارورڈ، کورنیل، اور پرنسٹن جیسے معروف آئیوی لیگ اداروں کے طلبہ، ماہرینِ تعلیم، پالیسی سازوں اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔ اس کانفرنس کا مقصد عالمی سفارتکاری میں پاکستان کے اہم کردار اور امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو اجاگر کرنا تھا۔اس تقریب میں پاکستان کے سابق سفیر علی جہانگیر صدیقی سمیت کئی ممتاز مقررین نے خطاب کیا۔ خارجہ پالیسی کے ماہرین پر مشتمل ایک پینل نے بین الاقوامی شراکت داریوں پر مباحثہ کیا۔پاکستان سے متعلق گفتگو میں علی جہانگیر صدیقی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اپنی سفارتی حکمت عملی کو ٹھوس شراکتوں پر استوار کرنا چاہیے، جیسے کہ سپلائی چین میں اشتراک اور انسداد دہشت گردی میں مسلسل تعاون۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بڑی عالمی طاقتوں کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات استوار کر کے اپنی عالمی حیثیت کو مضبوط بنانا ہوگا۔اپنے خطاب میں سفیر صدیقی نے امریکی سرکاری اداروں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی نمائندگی میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ حالیہ برسوں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے میئر اور ریاستی سینیٹر منتخب ہونے جیسے اقدامات امید افزا ہیں، لیکن اس عمل کو مسلسل جاری رکھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا""یہ معاملہ اس بات کا ہے کہ امریکی شہریت رکھنے والے پاکستانی نژاد افراد ان فیصلوں میں اپنی آواز شامل کریں جو ان کی زندگیوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔"یہ کانفرنس حکمرانی اور سفارتکاری پر مکالمے کو فروغ دینے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی، جس کے ذریعے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کو پاکستانی تارکین وطن کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔  
اہم خبریں سے مزید