اسلام آباد (نمائندہ جنگ)چیف جسٹس آف پاکستان ،جسٹس یحییٰ آفریدی مناسک حج کی ادائیگی کیلئے جمعہ کی صبح سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کے سیکنڈ سینئرجج، جسٹس منیب اختر نے قائمقام چیف جسٹس کے عہدہ کا حلف اٹھا لیا ہے۔اس حوالہ سے جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں حلف برداری کی تقریب منعقدہوئی،جس میں جسٹس جمال خان مندو خیل نے جسٹس منیب اخترسے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججوں، اٹارنی جنرل،سپریم کورٹ کے عملہ اور سینئر وکلا ء نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج، جسٹس منصور علی شاہ بھی بیرون ملک گئے ہوئے ہیں، وطن واپس کے بعد6 جون سے 10 جون تک جسٹس منصور علی شاہ بطور قائمقام چیف جسٹس فرائض سر انجام دینگے جبکہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی عید کے چوتھے روز 10 جون کو وطن واپس آئینگے۔