• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز، ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

کراچی(عبدالماجد بھٹی)پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ جولین اسٹار اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا ہے۔فائنل میں کامیابی کے ساتھ ہی وہ سجدہ ریز ہوگئےوہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 50میں سال سے زائد عرصے میں گولڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ایشین ایتھلیٹکس کی تاریخ میں پاکستان نے آخری مرتبہ اس ایونٹ میں 1973 میں گولڈ میڈل جیتے تھے فلپائن میں ہونیوالے مقابلوں میں پاکستان نے جیولن تھرو اور 800 میٹر کے گولڈ جیتے تھے 800میٹر کا گولڈ محمد یونس اور جیولن تھرو کا گولڈ میڈل اللہ داد نے جیتا تھا ۔گذشتہ سال پیرس اولمپکس میں ورلڈ چیمپین شپ میں سونے کا تمغہ جیت کر وہ شہ سرخیوں میں آئے تھے۔صدر پاکستان آصف علی زرداری،وزیر اعظم شہبازشریف ،آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر،پی سی بی چیئر مین اوروزیر داخلہ محسن نقوی،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی،ایم کیو مرکزی کمیٹی ،پاکستان فٹ بال فیڈریشن ،پاکستان ہاکی فیڈریشن اور دیگر نے ارشد ندیم کو مبارک بادی دی ہے اور پورے ملک میں ان کی کارکردگی کو سرہا جارہا ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں میں ان کے اہل خانہ اور شہریوں نے جیت کا جشن منایا۔ہفتے کو جنوبی کوریا میںاس ایونٹ کے جیولن مقابلے میں ارشد ندیم کی سب سے طویل تھرو ان کی آخری کوشش کے دوران 86.40 میٹر کی تھی۔اس سے قبل پاکستانی جیولن اسٹار نے پہلی تھرو 75.64 میٹر دور پھینکی جبکہ ان کی دوسری تھرو 76.80 میٹر رہی، تیسری کوشش میں ارشد نے 85.57 میٹر جبکہ چوتھی تھرو 83.99 میٹر طویل اور پانچویں 83.44 میٹر تھی۔وہ پہلے کبھی بھی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں کوئی میڈل حاصل نہیں کر پائے تھے۔ انھوں نے سنہ 2017 اور سنہ 2019 میں ان مقابلوں میں حصہ لیا تھا لیکن اس وقت وہ 80 میٹر مارک عبور نہیں کر پائے تھے۔خیال رہے کہ ارشد ندیم کے ساتھ پاکستان کے ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھی جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے جیولن تھرو مقابلوں کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا تاہم فائنل میں ان کی سب سے لمبی تھرو 75.39 میٹر رہی اور وہ آٹھویں پوزیشن پر آئے۔چیمپئن شپ جیولن تھرور کے فائنل مقابلے میں بھارت کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے۔جبکہ جاپان کے یوٹا ساکیاما نے 83.75 کی تھرو کرکے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

اہم خبریں سے مزید