کراچی(اسٹاف رپورٹر) ساحر ایسوسی ایٹس نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ جیت کر آئندہ برس گریڈ ون ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کریا۔ فائنل میں ایم آئی ٹی سلیوشنز کو 355 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں چار روزہ فائنل کے آخری دن اتوار کو فاتح ٹیم دوسری اننگز میں449 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محسن خان 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔کلیم اللہ نے83 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ 75 اوورز میں 587 رنز کے ہدف کے جواب میں ایم آئی ٹی سلیوشنز 231 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد بلال 70 اور حسنین ندیم 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ خان زیب نے 73 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ فہد عثمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ پی اے ایف کے عتیق الرحمن ( 741 رنز اور 17 وکٹیں ) پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر اور وکٹ کیپر کا ایوارڈ ساحر ایسوسی ایٹس کے عاصم علی ناصر ( 786 رنز ) اور ( 28 کیچز اسٹمپڈ ) جبکہ بہترین بولر کا ایوارڈ ونگ 999 اسپورٹس کے محمد طارق خان نے ( 47 وکٹیں ) حاصل کیا۔