کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی، عمر ایوب نےکہا ہے کہ ایاز صادق نے بغیر سوچے سمجھے وہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو دے دیا،ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،چاہتا ہوں کہ ہماری مسلح افواج ہمیشہ مضبوط رہے،سابق وزیر مملکت خارجہ و دفاع، انجینئر خرم دستگیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں پارلیمانی وفود پوری دنیا میں روانہ ہوں گے جس میں اپوزیشن کی بھی نمائندگی ہوگی،میزبان حامد میرنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پاک بھارت سرحدوں پر سیز فائر ہوچکا ہے، مگر بیانات کی جنگ بدستور جاری ہے۔اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی، عمر ایوب نےکہا کہ7 مئی کو ہندوستان کی جانب سے حملے سے چند گھنٹے قبل وہ اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی بانی سے ملاقات کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر پولیس نے ممبرانِ قومی اسمبلی پر تشدد کیا، چنگیز کاکڑ زخمی ہوئے، اور عامر ڈوگر کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا ٹیم نے متحد ہوکر مؤثر کردار ادا کیا اور بطور اپوزیشن لیڈر انہوں نے بارہا حکومت سے مطالبہ کیا کہ بھارت کو مؤثر پیغام دیا جائے۔