• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کیخلاف باہمی تعاون کی پیشکش، بلاول نے بھارت کو لاجواب کردیا

نیویارک ( عظیم ایم میاں) اقوام متحدہ میں صحافیوں کی عالمی تنظیم سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے بھارت کو لاجواب کردیا ، انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘ باہمی تعاون سے دہشت گردی کے خلاف کام کریں، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آنے والے وفد کے تمام اراکین اس لئے قابل مبارکباد ہیں کہ مسلم لیگ (ن)، ایم کیوایم اور دیگر پارٹیوں سے وابستگی کے ساتھ انہوں نے ایک متفقہ ٹیم کے طور پر پاکستان کے موقف کی فعال اور مدلل نمائندگی کرنے میں مکمل تعاون اور اتفاق رائے فراہم کیا۔بلاول نے پریس کانفرنس میں ا یک خاص اور خاموش بند کمرے میں ملاقات کا ذکر بھی ضروری ہے۔بلاول بھٹو زرداری اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سبکدوش ہونے والے سابق سفیرمنیر اکرم سے ہونے والی اس ملاقات کی تفصیلات کا علم نہیں ہوسکا ۔ البتہ سابق سفیرمنیر نمائندہ جنگ کے سوال پر صرف مسکرا کرخاموش رہے،پاکستانی وفد نے ایک متحد ٹیم کے طور پر پاکستانی موقف کی ترجمانی کی، سابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ساری عمر سفارتکاری میں گزارنے کے بعد اپنے تمام تر تجربہ کےساتھ وفد میں شامل ہیں اور اپنی ماہرانہ رائے سے وفد کے قائد کوآگاہ کرنے کے علاوہ عوامی سطح پر اظہار سےگریزاں ہیں۔ اس 9؍ رکنی وفد نے اقوام متحدہ کے محاذ پر ایک متحد اور متفق ٹیم کے طور پر پاکستانی موقف کی ترجمانی کی جس کے لئے ڈاکٹر مصدق ملک، فیصل سبزواری، خرم دستگیر، حنا ربانی کھر قابل ستائش ہیں کہ وہ تمام میٹنگوں اور اجتماعات میں متحرک انداز میں ٹیم کاحصہ رہے البتہ ٹیم کی ایک خاتون رکن کا انداز او آئی سی کے اجلاس اور دیگر اجلاسوں میں قدرے مختلف اور کیمروں کی توجہ کا باعث بھی رہا جبکہ قریب ہی موجود حنا ربانی کی سنجیدگی اور کارروائی کی سماعت پر نوٹس لینے کی رفتار بھی دیکھی گئی۔

اہم خبریں سے مزید