اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وفاقی وزیرتوانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نیٹ میٹرنگ کو ختم نہیں کر رہی بلکہ اس کے موجودہ طریقہ کار کو ایک زیادہ مؤثر، شفاف اور پائیدار ماڈل میں تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے‘ حکومت کسی بھی صارف یا کاروبار کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتی‘بدھ کو مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی کاکہناتھاکہ اب جبکہ نیٹ میٹرنگ کا دائرہ وسیع ہو چکا ہے‘اس کے گرڈ پر سنجیدہ اثرات مرتب ہو رہے ہیں جن کا بروقت تدارک ضروری ہے۔ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ نیٹ میٹرنگ والے صارفین ہمیں بجلی سب سے سستے بجلی کے ذرائع کے نرخوں پر فراہم کریں، اگر ہم یونٹس کی خریداری کا ذکر کرتے ہیں تو اس بارے بھی غور جاری ہے اور اس کو انرجی خریداری پرائس پر لانے کی بات ہو رہی ہے تاکہ نرخوں میں اتار چڑھاؤ کے ساتھ یہ نظام خود بخود ایڈجسٹ ہو، یہ تمام تجاویز زیر غور ہیں۔نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے پے بیک پیریڈ اگر تقریباً تین سال یا اس سے کم ہے، تو یہ کسی بھی سرمایہ کاری کے لیے موزوں مدت ہے۔