• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی پر بھی بھارتی گھمنڈ خاک میں ملائیں گے‘ نئے ڈیمز کے لیے کمیٹی قائم، آبی ذخائر کی تعمیر تمام صوبوں کے اتفاق رائے سے ہوگی‘ وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے آبی ذخائر کی تعمیر و فنڈنگ سے متعلق کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر متنازعہ ذخائر کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کا جائے گا، نئے ڈیمز کی تعمیر تمام صوبوں کے اتفاق رائے سے ہو گی‘سندھ طاس معاہدے کے تحت کوئی فریق یکطرفہ طور پر معاہدے سے نہیں نکل سکتا‘ بھارتی دھمکیاں بے معنی ہیں ‘روایتی جنگ کی طرح آبی معاملے پر بھی بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملائیں گے‘پاکستانی قوم متحد ہے‘ اتفاق رائے سےآنے والی نسلوں کے تحفظ کے لئے ’’اب یاکبھی نہیں ‘‘کی بنیاد پردلیرانہ فیصلے اور ٹھوس اقداما ت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آبی ذخائرکے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ‘وفاقی وزراءودیگر نے شرکت کی ۔ وزیراعظم نے نئے آبی ذخائر بنانے اور ان کی فنڈنگ کے حوالے سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمیٹی نئے ڈیمز کی فنڈنگ کے حوالے سے مختلف حکمت عملیوں کا جائزہ لے گی اور اس حوالے سے سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ کمیٹی میں چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور متعلقہ وفاقی وزرا شامل ہوں گے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم کاکہناتھاکہ بھار ت بدترین شکست کے بعدتواتر سے سندھ طاس معاہدے کو بطور ہتھیار استعمال کرنےکی دھمکیاں دے رہا ہے اور اس میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ، پانی تقسیم کے معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق بھارت اپنے بیانیے کو ہوا دے رہا ہے۔معاشی میدان میں وفاق اور صوبوں نے مل کر24کروڑ عوام کےلئے شاندار مستقبل ترتیب دینا ہے اور معاشی میدان میں کامیابی محض باتوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہوگی‘انتھک محنت اور لگن سے ہی معاشی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ سندھ ، جہلم اورچناب کے پانی پرپاکستان کا حق ہے،ہمیں بھارتی آبی جارحیت کے خلاف اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،پانی کے اپنے حق کو محفوظ بنانا ہم سب کےلئے اجتماعی چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 91 کے معاہدے کے تحت اتفاق رائے سے آبی ذخائر کی تعمیر یقینی بنائیں گے،کسی متنازعہ معاملے کو نہیں چھیڑا جائے گا، جن منصوبوں پر سب کا اتفاق ہے ان پر کام نہ کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔بھارتی دھمکیاں بے معنی ہیں لیکن ہمیں خود بھارت کا مقابلہ کرنے کےلئے اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا‘ہم اب یا کبھی نہیں کی بنیاد پر ٹھوس اقدامات کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید