اسلام آباد(فاروق اقدس) منگلا، ملتان، لاہور، کراچی، کوئٹہ، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے کور کمانڈرز نے کہا ہے کہ نوجوان سوشل میڈیا پر افواہوں اور منفی پراپیگنڈے کا مؤثر جواب دیں، علم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل میں بھی فعال کردار ادا کریں۔ملک کے مختلف شہروں میں تعلیمی اداروں کے دورے کے دوران اعلیٰ عسکری حکام کی جانب سے اساتذہ اور طلبہ سے ملاقاتیں اور نوجوان نسل کو قومی یکجہتی، ترقیاتی منصوبوں اور پاک فوج کے کردار سے آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے منگلا، ملتان، لاہور، کراچی، کوئٹہ، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے کور کمانڈرز نے جامعات کا دورہ کیا اور طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشستوں میں ملکی سلامتی، جدید ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا کے مثبت استعمال اور تعلیمی ترقی جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی۔کورکمانڈرز نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ علم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل میں فعال کردار ادا کریں اور سوشل میڈیا پر افواہوں اور منفی پراپیگنڈے کا مؤثر جواب دیں،کور کمانڈر لاہور نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کو قوم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کی علامت قرار دیا، جبکہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں جدید علوم کی اہمیت پر زور دیا،لاہور میں طلبہ کی تیار کردہ ’معرکۂ حق‘ سے متعلق پینٹنگز کی نمائش کا مشاہدہ بھی کیا گیا، کورکمانڈر کراچی نے طلبہ کو قوم کا ضمیر اور کل کے معمار قرار دیا اور کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی، وقار اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔