اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد)پاکستان بھر کی سرکاری غیر سرکاری یونیورسٹیوں، اسٹرٹیجک اور دیگر تحقیقی اداروں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر پروفیسرز اساتذہ اور محققین کے لیے 25 فیصد انکم ٹیکس ریبیٹ کی بحالی کا عمل فنانس بل 2025-26 کے ذریعے کیا جا رہا ہے جو 10 جون کو قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ یہ شق قومی بجٹ کے ساتھ پیش کی جانے والی مالیاتی قانون سازی کا حصہ بنائی جا رہی ہے اور منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد متوقع ہے۔وفاقی وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق اس رعایت کی بحالی سے ملک بھر کے تعلیمی و تحقیقی اداروں میں کام کرنے والے لاکھوں اساتذہ اور محققین کو مالی ریلیف ملے گا اور ان کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کو استحکام حاصل ہو گا۔