کراچی (افضل ندیم ڈوگر) فرانس کی قومی ایئر لائن ایئر فرانس نے بھی پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ پاک بھارت کشیدگی کے باعث 24 اپریل کو پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارتی ایئرلائنز اور طیاروں کے لیے بند کردی تھی۔ دونوں ممالک کے مابین جھڑپوں کے بعد مختلف ایئر لائنز نے پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال ترک کر دیا تھا تاہم صورتحال معمول پر انے کے بعد تمام غیرملکی لائنز نے پاکستان کے فضائی روٹ بحال کر دیے تھے تاہم ایئر فرانس پاکستانی حدود استعمال نہیں کر رہی تھی۔ اب ایئر فرانس کی جانب سے بھی پاکستان سے اوور فلائنگ شروع کر دی گئی ہے۔ ایئر فرانس کی پیرس دہلی، ممبئی پیرس، بینکاک، سنگاپور، منیلا، ہوچی منہہ اور دیگر ممالک کی پروازیں پاکستان کی فضائی حدود سے گزر کر منزل تک جاتی ہیں۔ پاکستانی ایئر اسپیس استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ایئر فرانس کو کئی ہفتے تک طویل فاصلہ اختیار کرنا پڑ رہا تھا۔