کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عدنان الکریم میمن نے آبزویشن میں کہا کہ ایف آئی اے کاٹن ایکسچینج کی عمارت کو نہ تحویل میں لے سکتی ہے اور نہ ہی اس میں اپنا دفتر قائم کر سکتی ہے عدالت عالیہ نے ایف آئی اے کو روکتے ہوئےکاٹن ایکسچینج بلڈنگ کو تحویل میں لینے کے خلاف حکم امتناع جاری کر دیا اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔ جسٹس عدنان الکریم میمن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کاٹن ایکسچینج تحویل میں لینے سے متعلق کے ایم سی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ کے ایم سی کے وکیل پیش ہوئے اور کہا کہ کاٹن ایکسچینج کا کیس عدالت میں زیر سماعت مقدمے کے باوجود ایف آئی اے نے بلڈنگ اپنی تحویل میں لے لی ہے۔