• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ کرکٹ کے تخت کی جنگ، لارڈز میں دو سلطان مدمقابل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹیسٹ کرکٹ کے تخت کی جنگ کیلئے لارڈز کا تاریخی میدان تیار ہے، کرکٹ کے دو سلطان آسٹریلیا اور جنوبی افریقا بدھ سے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں مدمقابل ہونگے ۔ جنوبی افریقا کے پاس چوکرز کا ٹیگ ختم کرنے اور دنیا کی صف اول کی ٹیم آسٹریلیا کو ہرانے کا یہ آئیڈیل موقع ہے۔ پیٹ کمنز آسٹریلوی جبکہ ٹیمبا باووما جنوبی افریقی ٹیم کی کپتانی کرینگے۔ دونوں کی نظریں ٹرافی جیتنے پر ہوں گی۔ یہ آئی سی سی ڈبلیو ٹی سی فائنل کا تیسرا ایڈیشن ہے۔ چیمپئن ٹیم کو 3.6 ملین ڈالر ملیں گے۔ یہ انعامی رقم گزشتہ دو ایڈیشنز 2021 اور 2023 سے بہت زیادہ ہے۔ فائنل میں ہارنے والی ٹیم کو 2.16 ملین ڈالرز یعنی تقریباً 18.50 کروڑ روپے ملیں گے۔ جنوبی افریقانے اب تک صرف ایک آئی سی سی ٹائٹل اپنے نام کیا ہے، اس نے 1998 میں آئی سی سی ناک آؤٹ ٹورنامنٹ جیتا تھا ۔ آسٹریلیا 2023 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے کے علاوہ چھ مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ، دو بار چیمپئنز ٹرافی اور ایک بار ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کرچکا ہے۔ پیٹ کمنز نے 2023 میں کینگروز کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بنوایا تھا اور اسی سال ون ڈے ورلڈ کپ کی ٹرافی بھی اٹھائی تھی ۔ پیٹ کمنز کی خواہش ہوگی کہ وہ اپنے اعزاز کا دفاع کریں ۔ آسٹریلیا نے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے۔ جس میں پیٹ کمنز (کپتان) ، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، کیمرون گرین، اسٹیو اسمتھ ، ٹریوس ہیڈ، بیو ویبسٹر، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک ، نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید