کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے تاجروں کی جانب سے کراچی کے نام سے نئی ایئر لائن کے آغاز کو عملی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں وزارت دفاع کی منظوری سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس جاری کر دیا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں جون کے پہلے ہفتے میں سی ای او ایئر کراچی لیمیٹڈ کو سیکیورٹی ڈیپازٹ کی مد میں 100 ملین روپے جبکہ لائسنس فیس کی مد میں پانچ لاکھ روپے جمع کرانے کا کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایئر کراچی کو ایس ای سی پی سے متعلقہ فارم، پیڈ کیپیٹل کی موجودگی پر مبنی بینک اسٹیٹمنٹ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کا سرٹیفیکیٹ بھی جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر کراچی کو پروازیں شروع کرنے کے لیے مزید 2 ماہ کا عرصہ درکار ہوگا جبکہ فضائی اپریشن شروع کرنے کے لیے ایئر کراچی کو ایئر اپریٹر سرٹیفیکیٹ کم از کم 45 یوم میں جاری کیا جا سکے گا۔ ذرائع کے مطابق ایئر کراچی کا صدر دفتر ملک کے تجارتی دارالحکومت کراچی میں ہوگا۔