اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سےملاقات‘ دونوں رہنماؤں کا باہمی دلچسپی کے دوطرفہ‘ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ‘اہم شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ ‘قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور علاقائی امن اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق‘ وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کرنے پر عرب امارات کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا‘ شہباز شریف نے خطے میں امن، مذاکرات اور استحکام کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کے مثبت کردار کو سراہااورمتحدہ عرب امارات کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے متحدہ عرب اما رات کے سرکاری دورے کے دوران اماراتی صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ابوظہبی میں ملاقات کی‘ملاقات میں پاکستان اور عرب امارات کے درمیان گہرے بھائی چارے پر مبنی تعلقات، جو باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور قریبی تعاون کی تاریخ پر استوار ہیں کو اجاگر کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز اور تمام سطحوں پر جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔