کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی پولیس نے مختلف علاقوں مبینہ مقابلوں میں 2 ملزمان کو ہلاک اور 3 زخمی سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب راشد منہاس روڈ گلشن اقبال بلاک 10/A اور گلستان جوہر بلاک بلاک A کے سنگم پرلال فلیٹ کے عقب میں مون گارڈن فلیٹ کے قریب مبینہ مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو ہلاک اور ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ، ہلاک و زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ راشد منہاس روڈ لال فلیٹ کے پاس پولیس موبائل موجود تھی ، موٹرسائیکل سوار 2 شہریوں نے ڈاکوؤں کی اطلاع دی ، پولیس اہلکاروں نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی ، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے ، مارے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت 20 سالہ مہران جہانگیر خان اور 23 سالہ جہانگیر گل محمد کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 22 سالہ مزمل ظفر الحق کے نام سے کی گئی۔