کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن میں مسلح ملزمان نے گھر کے سامنے کار پر فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا ،تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر فور ایف بلاک ڈی میں واقع مکان کے سامنے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے،فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار 26سالہ محمد حذیفہ صدیقی ولد عبدالواحد صدیقی جاں بحق ہوگیا ، مقتول کے بھائی کے مطابق حال ہی میں حذیفہ نے کراچی یونیورسٹی سے میڈیا سائنس میں گریجویشن کیا تھا،واقعہ کے وقت وہ کلفٹن بلاول چورنگی کے قریب جم سے واپس گھر آ یا تھا، پولیس نے بتایا کہ رواں سال یکم رمضان المبارک کو بھی حذیفہ پر سائٹ حبیب چورنگی کے قریب قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں اسے دو گولیاں لگیں تھیں،ڈرائیور نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس وقت بھی وہی کار چلا رہا تھا اور حذیفہ اس وقت بھی عقبی سیٹ پر بیٹھا تھا تاہم ڈرائیور بچ گیا ، ڈرائیور سعید رحمان کو شامل تفتیش کر لیا گیا۔