• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی بجٹ میں کراچی کو نظر انداز کیا گیا ہے، میئر مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے وفاق کے اداروں کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،وفاقی بجٹ میں کراچی کو نظر انداز کیا گیا ہے، وزیراعظم صاحب اپنے وعدے وفا کریں،گورنر سندھ کے کہنے پر درخواست بھیجی ہے اسے منظور کریں اور کراچی کے لئے 100 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کریں، اگر وفاقی حکومت کے فور منصوبے کی لاگت کا 10 فیصد بھی مختص نہیں کرے گی تو اس پروجیکٹ کو کیسے مکمل کیا جائے گامصطفی کمال اور خالد مقبول صدیقی وفاقی وزیر منصوبہ بندی، وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو پیغام دیں کہ اس شہر میں وفاقی اداروں کا بہت زیادہ اسٹیک ہے ،ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز بلدیہ ٹاؤن میں اسپورٹس کمپلیکس کی تزئین و تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، رکن صوبائی اسمبلی لیاقت آسکانی اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ دو طرح کے لوگ ہیں ایک وہ جو نفرت اور تعصب کی بات کرتے ہیں اور دوسرے وہ جو اپنے کام کے ذریعے اس کا جواب دیتے ہیں۔