• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، بحریہ ٹاؤن کی جائیداد کی نیلامی روک دی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز کی نیلامی کے نیب کے اقدام کے خلاف درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بحریہ ٹاؤن کی درخواست پر سماعت کے بعد حکم نامہ میں بحریہ ٹاؤن کے خلاف کوئی غیر قانونی یا تادیبی کارروائی نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو بتایا گیا کہ بحریہ ٹاؤن ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی ہے جو کنسٹرکشن کے شعبہ سے وابستہ ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 190 ملین پاؤنڈز نیب کیس میں بحریہ ٹاؤن نہ فریق، نہ ملزم، نہ اشتہاری ہے۔ درخواست گزار کے مطابق نیب نے اس کے باوجود بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز ضبط کر لیں۔ احتساب عدالت نے 23 مئی کو درخواست گزار کمپنی کی پٹیشن خارج کر دی تھی۔ عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے نیب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ بحریہ ٹاؤن کی پیروی فاروق ایچ نائیک نے کی۔ واضح رہے کہ نیب نے 12 جون کو بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز نیلام کرنے کا اشتہار جاری کیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید