• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتہارات کی بی پیپرا پر منتقلی سے اخباری صنعت تباہ ہو جائیگی،ایکشن کمیٹی اخباری صنعت

کوئٹہ(این این آئی ) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ آج بھی جاری رہا ۔ علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات ،جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان موجود رہے ۔ علامتی احتجاجی کیمپ میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر مشاورت بھی کی گئی جہاں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے شرکاء نے مختلف تجاویز بھی دیں ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد اخباری صنعت کی بقاء کیلئے ہے کیونکہ اگر یہ صنعت موجود رہی تو اس کے ہر شعبہ میں بہتری لائی جاسکتی ہے لیکن اگر حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کردیا گیا تو ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کرنے والی صوبے کی واحد صنعت تباہی سے دوچار ہو جائے گی ۔شرکاء کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر صوبوں میں ایسی کوئی پالیسی نہیں لیکن بلوچستان جیسے محرومی سے دوچار صوبے کے تعلیم یافتہ طبقے کو بیروزگار کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کے ڈرافٹ پر صوبے کے اکثریتی سٹیک ہولڈرز کو نظر انداز کیا گیا ،شرکاء نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پرنٹ میڈیا کی بقاء کیلئے جدوجہد سے دستبردار ہونے کا تصور بھی نہیں کرسکتے بلکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبے کی واحد صنعت کی سرپرستی کریں تاکہ بلوچستان کا حقیقی پرنٹ میڈیا بھی دیگر صوبوں کی طرح ترقی کرسکے ۔
ملتان سے مزید