• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز ٹرین منصوبہ شہریوں کیلئے ریلیف ثابت ہوگا، کرن بلوچ

کوئٹہ (پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان کی جانب سے عوامی سہولت اور جدید سفری نظام کی فراہمی کے لیے پاکستان ریلویز کے اشتراک سے "پیپلز ٹرین" چلانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سریاب سے کچلاک تک ٹرین چلنے سے مقامی لوگوں کو آسان اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا بلکہ اس سے ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔ کرن بلوچ نے کہا کہ عوام کو بہتر ٹرانسپورٹ کی فراہمی پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے اور موجودہ حکومت اس پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین، بزرگ شہری اور طلبہ اس سفری سہولت سے براہِ راست مستفید ہوں گے جو ان کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کرے گی۔ کرن بلوچ نے کہا کہ اس طرح کے ترقیاتی منصوبے بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گے اور صوبے میں ایک مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے۔انہوں نے حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز کے اس مشترکہ اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید ایسے عوام دوست منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ صوبے کے دیگر اضلاع کو بھی جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
ملتان سے مزید