ملتان( سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئرگُل محمد زاہد کی ہدایت اور نگرانی میں میپکو ریجن میں محرم الحرام کے دوران بجلی کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کامیابی سے مکمل کئے گئے۔ 9 محرم الحرام کو میپکو ریجن کے تمام اضلاع میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی گئی جبکہ عزاداری کے جلوسوں‘ امام بارگاہوں اور حساس مقامات پر خصوصی مانیٹرنگ کا نظام بھی فعال رہا۔میپکو ریجن کے13 اضلاع میں 250 سے زائد آپریشنل اور ایمرجنسی ٹیمیں جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر تعینات رہیں اور مسلسل خدمات انجام دیتی رہیں۔ میپکو کے افسران اور عملہ ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول رومز اور فیلڈ میں موجود رہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے اور بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایت پر چیف انجینئر او اینڈ ایم شہزاد راعی اور ایڈیشنل چیف انجینئر محمد رفیق کنول نے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹرمیپکو ہیڈکوارٹر میں 9 محرم الحرام کے دوران بجلی کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کی۔ افسران نے بجلی کے نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور فیلڈ افسران سے مسلسل رابطے میں رہے۔دریں اثنا چیف انجینئر شہزاد راعی نے کسٹمر فسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے ٹرانسفارمرز سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کی صورتحال کا جائزہ لیا اور بجلی کی بندش سے متعلق شکایات کے فوری ازالے اور خراب ٹرانسفارمرز کی جلد مرمت و تبدیلی کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے صارفین کو بروقت ریلیف کی فراہمی اور شکایات کے فوری حل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔