کراچی (اسد ابن حسن) ماضی میں مختلف جعلی کمپنیوں نے آسان قرضہ دینے کے بہانے سادہ لوح لوگوں کو بری طرح لوٹا اور کروڑوں کا فراڈ کرکے کچھ کمپنیاں بند ہو گئیں جبکہ حکومتی پالیسیوں کے بعد ایف آئی اے بھی سرگرم ہو گئی اور درجنوں ویب سائٹس کو بند کروا دیا۔ مگر اب جب سے سائبر جرائم نئی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو منتقل کر دیے گئے ہیں، ایک مرتبہ پھر ایسی کمپنیوں نے دوبارہ اپنا کاروبار شروع کر دیا ہے۔ یہ کمپنیاں ویب سائٹ پر علیحدہ کا اشتہار دینے کے بجائے، اہم ویب سائٹس کی خبروں کے درمیان اپنے اشتہار جاری کر رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک کمپنی ایک نام سے پبلسٹی کر رہی ہے جس میں وہ تین منٹ میں 25ہزار اور 10 منٹ میں 50 ہزار تک کا قرضہ فراہم کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے۔