• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا نے پہلی بار آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت کر آسٹریلیا کا غرور خاک میں ملادیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جنوبی افریقا نے لارڈز میں تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی بار آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ جیت لی۔فائنل کیلئے فیورٹ آسٹریلوی ٹیم کو خلاف توقع پانچ وکٹ سے شکست ہوئی۔ایڈم مارکرم نے زندگی کی بہترین اور یادگار اننگز کھیلتے ہوئے27سال کے طویل انتظار کے بعد اپنی ٹیم کو پہلا بڑا ٹائیٹل جتوا یا۔1998میں جنوبی افریقا نے ہنسی کرونئے کی قیادت میں آئی سی سی ناک آئوٹ ٹورنامنٹ (چیمپنز ٹرافی)جیتا تھا۔جنوبی افریقا کو دوسرا آئی سی سی ٹائٹل جیتنے کیلئے9722دن کا طویل انتظار کرنا پڑا۔ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقا کی لگاتار فتوحات کاسلسلہ گزشتہ سال ویسٹ انڈیز میں شروع ہوا۔ جو ان کا دوسرا سب سے طویل جیت کا سلسلہ ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں آٹھ میچز جیتے۔بھارت اور نیوزی لینڈ نے پہلے ڈبلیو ٹی سی کے دوران لگاتار سات میچز جیتے تھے۔ہفتے کو لندن میں تماشائیوں کی بڑی تعداد نے دلچسپ میچ دیکھا۔جنوبی افریقا نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کو آئوٹ کلاس کردیا۔جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کے بارے میں یہ بات مشہور ہے کہ وہ عالمی ایونٹس میں جیتے ہوئے میچ ہارجاتی ہے۔اسی لئے اسے چوکرز کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔لیکن اس بار چوکرز ،چوک نہ کرسکے اور آسٹریلیا کا غرور خاک میں ملا دیا۔جنوبی افریقا پہلی مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن بن گیا، افریقی ٹیم نے فائنل میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی، لارڈز میں کھیلے گئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں جنوبی افریقا بیٹر ایڈین مارکرم کی شاندار پرفارمنس نے ٹیم کو جیت کے قریب کیا، مارکرم نے 136 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ٹیسٹ کے چوتھے دن جنوبی افریقا کو آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کامیابی کیلئے69 رنز درکار تھے پروٹیز 5 وکٹوں پر 282 رنز کے ہدف کو پورا کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کا نیا چیمپئن بن گیا۔افریقی ٹیم کی جانب سے ایڈن مارکرم شاندار اننگز کھیلتے ہوئے136رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، ٹیمبا باووما 66 رنز بنا سکے، دونوں نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔مارکرم نے دونوں اننگز میں ایک ایک وکٹ بھی حاصل کی۔وہ383منٹ کریز پر رہے اور207گیندوں کا سامنا کیا انہوں نے میچ وننگ اننگز کے دوران 14چوکے مارے۔جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باووما نے بھی مارکرم کا بھرپور ساتھ دیا اور 66 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت کے قریب پہنچایا۔اس سے قبل آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 فائنل کے چوتھے روز جنوبی افریقہ کو جیتنے کیلئے صرف 69رنز درکار تھے جب کہ اس کی 8 وکٹیں باقی تھیں۔چوتھے روز کے کھیل کے آغاز کے چند ہی لمحوں بعد 217رنز پر کپتان ٹیمبا باووما پیٹ کمنز کا شکار بن گئے، کپتان ٹیمبا باووما اپنی وکٹ گنوابیٹھے، اُنہوں نے 66رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ایڈن مارکرم کے ساتھ تیسری وکٹ پر 147 رنز کی شراکت کے ذریعے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔آسٹریلوی ٹیم میں اس دوران امید تو جاگی لیکن اب بہت دیر ہوچکی تھی، افریقی بیٹرز مسلسل رنز بناتے رہے، 241کے مجموعے پر ٹرسٹن اسٹبس اور میچ میں فتح کے بالکل قریب 276 رنز پر ایڈن مارکرم ایک یادگار اننگز کھیل کرآئوٹ ہوگئے۔جیت کیلئے درکار بقیہ 6رنز بیڈنگھم اور ورینی نے حاصل کرکے اپنی ٹیم کو آئی سی سی ایونٹ کا ٹائٹل جتوادیا۔جنوبی افریقا نے 282 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے ہفتے کو گرنے والی تینوں وکٹیں حاصل کیں۔

اسپورٹس سے مزید