اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) قومی اسمبلی میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے نام لئے بغیر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہدف تنقید بنایااور ماضی کے حوالے دے کر جارحانہ انداز میں تنقید کی ، ان کی تقریر سے پارلیمانی درجہ حرارت بڑھ گیا، سابق سپیکر اسد قیصر نے اپنی تقریر میں خواجہ آصف پر شدید تنقید کی اور جا رحانہ لب ولہجے میں جواب دیا،بجٹ بحث میں تقریر کے دوران اچانک خواجہ آصف نے انڈین پائلٹ ابھینندن کی گرفتاری کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ابھینندن کو واپس کرکے سرنڈر ،قومی وقار کو ٹھیس پہنچائی گئی ،یہ ہماری تاریخ ہے جس پر ہم شر مندہ ہیں،ابھینندن کو واپس کرکے اس وقت کے وزیر اعظم، آرمی چیف نے سرنڈر، قومی وقار کو ٹھیس پہنچائی ، انہوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ ایک شخص نہیں بلکہ یہ ملک ناگزیرہے، سیاست کامحورایک شخص کوبنانا حب الوطنی نہیں ہے،جب جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے تواپو زیشن کی جانب سے کہا گیا کہ ہم جنگ نہیں لڑ سکتے ، ہمارے پاس جہاز اڑانے کے لیے تیل نہیں، اس ایوان میں اپوزیشن بینچوں سے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا گیا کہ ہم نے اپنے میزائل اور گولے یوکرین کو بیچ دئیے ہیں لیکن ہم نے بھارت کے 6 جہاز گرائے کیا وہ پانی سے گرائے گئے تھے۔