• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان امن چاہتا ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، بلاول بھٹو

برسلز، پیرس (اے پی پی،رضا چوہدری) پارلیمانی وفد کے سربراہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، پاک بھارت کشیدگی کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کے حوالے سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کیلئے وفد تشکیل دیا ہے، انڈیا کو لگتا ہے کہ دہشت گردی اس کا سب سے بڑا چیلنج ہے تووہ پاکستان کے ساتھ بیٹھ جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یورپین پریس کلب برسلز میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، پانی بند کرنے کی بھارتی دھمکی پاکستان کو اشتعال دلانے کی کوشش ہے، ایٹمی قوت کے حامل ہونے کے باوجود پاک بھارت کشیدگی تیزی سے بڑھی، پاکستان جامع مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، بھارت نے ہمیشہ مذاکرات سے انکار کیا ہے، تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے سلامتی کونسل میں بھی بات کی، پہلگام واقعہ پر بھارت کو غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ، کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل صرف مذاکرات اور سفارتکاری سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کی شدت میں کمی اور جنگ بندی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے حوالہسے عالمی برادری کے کردار کا خواہاں ہے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کو بحال کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ تنازعہ کشمیر کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور نہ ہی دہشتگردی سمیت کسی بھی تنازعہ کا کوئی فوجی حل ہوسکتاہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیا کے خطے میں مستقل امن کے خواہشمند ہیں۔
اہم خبریں سے مزید