کراچی (نیوزڈیسک) فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے معیشت اور عالمی سطح پر ساکھ میں اوورسیز پاکستانیوں کےکردار کا اعتراف کیا ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورہ امریکا کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کی، اس موقع پر فیلڈ مارشل اور اوورسیز پاکستانیوں نے محفوظ ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا ،واشنگٹن ڈی سی میں چیف آف آرمی اسٹاف کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے پرتپاک استقبال اور خوش آمدید کہا گیا، جو بڑی تعداد میں چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات کیلئے جمع ہوئے تھے۔سمندر پار پاکستانیوں نے آپریشن بنیان مرصوص / معرکہ حق کے دوران مسلح افواج کی شاندار کارکردگی کو سراہا، جس میں ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا۔آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے پاکستان کے سفیر ہونے کے ناطے اداکئے جانے والے اہم اور سب سے نمایاں کردار کو سراہا۔ انہوں نے ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ کامیابیوں کے ذریعے فعال طور پر حصہ ڈال کر پاکستان کی معیشت اور عالمی ساکھ میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے آرمی چیف کے ساتھ اپنے تجربات اور تجاویز کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے مسلسل تعاون اور اشتراک کی ضرورت کو اجاگر کیا۔یہ بات چیت ایک نئے عزم اور مقصد کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جب چیف آف آرمی اسٹاف اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک زیادہ محفوظ، خوشحال اور مضبوط پاکستان کی طرف مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔دوسری جانب امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو شاندارخراج تحسین پیش کیا۔امریکا میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے افواج پاکستان کوخراج تحسین پیش کرنےکیلئے نیویارک ٹائم اسکوائر، واشنگٹن ڈی سی اور مختلف مقامات پر سپہ سالار اور خوبصورت پاکستان کی ویڈیوزکی نمائش کاسلسلہ جاری رہا۔