پشاور ( وقائع نگار)ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام شوریٰ ہمدرد پشاور کا ماہانہ اجلاس سروسز کلب پشاور صدر میں ہوا جس کا موضوع تھا ’’دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی‘‘ (قائداعظم محمد علی جناح کا تاریخی قول) اجلاس کی صدارت اسپیکر شوریٰ ہمدرد پشاور پروفیسر ڈاکٹر عدنان سرور خان نے کی جبکہ مہمان مقرر چیئرمین پاکستان تھنکرز فورم اورصدر نظریہ پاکستان ملک لیاقت علی تبسم تھے۔اُنہوں نے مذکورہ موضوع پر اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ،اسلامی ریاستوں کو ختم نہیں کر سکتی، پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا،کشمیر کی آزادی اور خلافت راشدہ کے نظام کے نفاذ کے بغیر پاکستان کی آزادی ادھوری ہے ،اُنہوں نے تکمیل پاکستان کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تکمیل پاکستان کے لئے ہمیں محنت کرنا ہو گی۔اُن کا کہنا تھا کہ کفار کی تمام سازشیں ناکام ہونگی، مسلمان غالب رہیں گے۔ہمیں اپنی کوتاہیوں ،اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا، دو قومی نظریے کو کوئی ختم نہیں کر سکتا،ہمیں فرقہ ورانہ اختلافات کو بھلا کراپنی صفو ں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔