پشاور (صباح نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ ہمارا ہر اقدام قانون کی حکمرانی کیلئے ہوگا، لوگوں کو انصاف دلائینگے، عوامی شکایات دور کرنا اولین ترجیح ہے، ہمیں قانون کی حکمرانی کی بالادستی کیلئے کوشش کرنی ہوگی۔ پشاور ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ نومنتخب کابینہ کو مبارک باد دیتا ہوں، بار اور بینچ کو کوئی علیحدہ نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر اقدام قانون کی حکمرانی کیلئے ہوگا، آپ اپنے بڑوں کو بھولیں نہیں، نوجوانوں کو اپنے بڑوں کو فالو کرنا ہوگا، نوجوانوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے، ترقیاتی منصوبوں کو سپورٹ کریں، بار ایسوسی ایشن اس کی حمایت کریں، اس کا فائدہ سب کو ہوگا، پشاور میں کچہری کمپلیکس بنا رہے ہیں۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عبداللطیف آفریدی، بیرسٹر ظہور الحق اور دیگر سینئر وکلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔