آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: ہمارا فضائی سفر ہے، فلائٹ میں ہم قبلہ رخ کیسے معلوم کریں؟ اور اگر جہاز کے عملے کو نماز کے وقت میں نماز پڑھنے سے مشکل پیش آرہی ہو، اور وہ ہمیں اجازت نہ دیں، تو ہم اس صورت میں نماز کس طرح ادا کریں؟
جواب: مسافر کو چاہیے کہ ہوائی سفر شروع کرنے سے پہلے معلوم کرے کہ اس کی منزل کس سمت پر ہے؟ مثلاً :وہ مغرب کی طرف جارہا ہے تو قبلہ سامنے ہوگا، اور اگر مشرق کی طرف جارہا ہے تو قبلہ پیچھے کی طرف ہوگا، وغیرہ، ورنہ سورج چاند یا ستاروں کے ذریعے سے سمتِ قبلہ معلوم کرنے کی کوشش کرے، اگر اس طریقے سے درست سمت کا تعین نہ ہوسکے اور جہاز میں کوئی بتانے والا موجود ہو، جسے قبلے کا صحیح علم ہو تو اس سے پوچھ لے، ورنہ خود غورو فکر کرے یا قطب نما، قبلہ ایپلی کیشن یا دوسرے جدید ذرائع سے قبلہ معلوم کرنے کی کوشش کرے، پھر جس جہت کے متعلق قبلہ ہونے کا ظنِ غالب ہو، اُس طرف رخ کرکے نماز پڑھ لے۔
ہوائی جہاز میں بوقت ِ پرواز اگر رکوع سجدے کے ساتھ نماز پڑھنا ممکن ہو تو وقت میں نماز پڑھنا ضروری ہے، اور اگر باقاعدہ رکوع و سجدے اور استقبالِ قبلہ کے ساتھ نماز پڑھنے میں سخت مشقت ہو( جگہ کی تنگی یا عملے کے منع کرنے کی وجہ سے) تو وقت میں اپنی جگہ پر بیٹھ کر رکوع و سجدے کے اشارے کے ساتھ نماز پڑھ لے، لیکن بعد میں اس نماز کو لوٹانا واجب ہوگا، بے نمازی عملہ روکتا ہے، ورنہ سعودی ائیرلائن میں باقاعدہ نماز باجماعت کی جگہ ہوتی ہے، جماعت سے مسافر نماز ادا کرتے ہیں اس سے معلوم ہوا جو منع کرتے ہیں غلط کہتے اور غلط کرتے ہیں۔