• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایردوان سے عاصم منیر، اسحاق ڈار کی ملاقات، کشیدگی کم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

کراچی ،اسلام آباد(نیوز ڈیسک/فاروق اقدس) ترک صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے، دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے رہنمائوں نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اوراسے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی گئی جبکہ اسکے دفاع کے حق کو تسلیم کیا گیا، عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے کردار ادا کریں۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر طیب ایردوان سے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ترک وزیر خارجہ، قومی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ابراہیم قالن اور صدر کے خارجہ امور و سکیورٹی کے اعلیٰ مشیر بھی موجود تھے۔ دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کا نیک تمناؤں کا پیغام ترک صدر کو پہنچایا گیا۔دفتر خارجہ نے بتایاکہ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور رہنماؤں نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیاگیا۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت، دفاع کے حق کو تسلیم کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق رہنماؤں نے کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار اور طیب ایردوان نے عالمی برادری سے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئےمؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت فوری روکنے اور انسانی امداد کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ اسحاق ڈار نے او آئی سی یوتھ فورم ایوارڈ ملنے پر ترک صدر کو مبارکباد بھی دی۔

اہم خبریں سے مزید