اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو ٹیلی فون کرکےامریکا کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملے آئی اے ای اےکے قانون اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں‘وزیر اعظم نے امن کے لئے فوری طور پر مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا جو آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔وزیر اعظم نے کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اجتماعی کوششوں پر بھی زور دیا اوراس تناظر میں پاکستان کے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر پزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ایران کے صدر کو اتوار کی سہ پہر ٹیلی فون کیا ۔شہبازشریف نے برادرایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیر اعظم نے تحفظات کا اظہار کیا کہ امریکی حملوں میں ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں تھیں ۔ یہ حملے آئی اے ای اےکے قانون اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔مسعودپزشکیان نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر وزیراعظم ، حکومت اور پاکستان کے عوام بشمول عسکری قیادت کا دلی شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس نازک موڑ پر امت کے درمیان اتحاد قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔