خضدار (صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نصیرمینگل کے صاحبزادے عطاء الرحمٰن جاں بحق جبکہ پوتا زخمی ہوگیا، واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ،تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان پولیس نے بتایا کہ خضدار کے پہاڑی علاقے اڑینجی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے سابق وزیراعلیٰ نصیر مینگل کے بیٹے عطاء الرحمن مینگل کو قتل جبکہ پوتے کو زخمی کردیا۔ حملے کے فورا بعد مقامی افراد اور سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈی سی خضدار کے مطابق مقتول قبائلی رہنماء عطاء الرحمن مینگل بیٹے مطیع الرحمان کے ہمراہ شکار پر گئے تھے، جہاں 30سے زائد مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی۔ مقتول عطاء الرحمان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر محمد نصیر مینگل کے بیٹے اور جھالاوان عوامی پینل کے رہنماء میر شفیق الرحمن مینگل کے بھائی تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ میر عطاء الرحمن مینگل پر دہشتگردوں کا حملہ بزدلانہ اور قابل مذمت ہے، حکومت بلوچستان واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گی، بلوچستان کے عوام اور حکومت دہشتگردی کیخلاف یکجہتی سے کھڑے ہیں۔