• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ انصاری اور اسلم شیخ نے عائشہ خان کی وفات سے متعلق کیا کہا؟

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

معروف اداکارہ بشریٰ انصاری اور اداکار اسلم شیخ نے عائشہ خان کی وفات پر افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے اصل حقیقت بیان کردی۔

پاکستان کی سینئر اور باوقار اداکارہ عائشہ خان رواں ماہ جون میں اپنے گھر میں انتقال کر گئیں تھیں، ان کی وفات کے بعد ان کی لاش کچھ وقت بعد برآمد ہوئی، جس پر سوشل میڈیا پر ان کے بچوں کے خلاف شدید تنقید کی گئی، متعدد صارفین نے الزام لگایا کہ عائشہ خان کے بچے ان کے آخری وقت میں ان کے ساتھ موجود نہیں تھے۔

تاہم حالیہ دنوں میں لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری اور سینئر فنکار اسلم شیخ نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے عائشہ خان کی زندگی کی اصل حقیقت بیان کی۔

معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام ویڈیو میں کہا، ’عائشہ خان کی وفات بہت دلخراش خبر تھی، لیکن جو اس کے بعد سوشل میڈیا پر کہا گیا، اس نے مجھے اور زیادہ افسردہ کر دیا، وہ ایک تعلیم یافتہ، خود مختار اور پڑھنے لکھنے کی شوقین خاتون تھیں۔‘

بشریٰ نے مزید کہا، ’وہ خود بتاتی تھیں کہ ان کے بچے بیرونِ ملک آباد ہیں، ان کا خیال رکھتے ہیں، پیسے دیتے ہیں، ساتھ رکھنا چاہتے ہیں مگر عائشہ خان اپنی آزادی اور روٹین کو پسند کرتی تھیں، وہ گلشن اقبال میں رہتی تھیں اور اپنی زندگی سے مطمئن تھیں۔‘

بشریٰ نے اپنی بہن نیلم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میری بہن بھی تنہا رہتی ہے حالانکہ ان کے بچے بھی کہتے ہیں کہ باہر آ جائیں، کچھ لوگ اکیلے رہنا پسند کرتے ہیں، عائشہ خان بھی انہی میں سے تھیں۔

اداکار اسلم شیخ نے کہا، ’ہم سب نے جانا ہے، اللّٰہ عائشہ آپا پر اپنی رحمت فرمائے، وہ ایک خودمختار اور باوقار خاتون تھیں، خود گاڑی چلاتی تھیں، اپنے کام خود انجام دیتی تھیں اور کبھی کسی پر انحصار نہیں کیا، ان کے بچے ان کا مکمل خیال رکھتے تھے، باقاعدگی سے پیسے بھیجتے تھے، بیٹی انہیں دبئی بلانا چاہتی تھی، بیٹے نے بھی رابطہ رکھا لیکن عائشہ آپا نے اپنی مرضی سے تنہا پاکستان میں رہنا پسند کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلایا گیا کہ انہیں اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا، میں ان کے طویل وائس نوٹسز رکھتا ہوں جس میں ان کی خوشی، مصروفیات اور اطمینان واضح ہے، ان کی زندگی آخری وقت تک متوازن تھی، چار دن پہلے میری ان سے بات ہوئی تھی۔

دونوں فنکاروں نے عائشہ خان کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ بغیر حقائق جانے کسی کی نجی زندگی پر رائے قائم نہ کریں۔

یاد رہے کہ عائشہ خان نے کئی دہائیوں پر مشتمل شاندار کیریئر میں ’افشاں‘، ’مہندی‘، ’میراث العروس‘، ’تیری رضا‘، ’عنچ‘ اور ’مبارک ہو بیٹی ہوئی ہے‘ جیسے کامیاب ڈراموں میں اپنی لاجواب اداکاری سے لاکھوں دل جیتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید