• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ایران، ہمارے وطن، تو ہمیں دل و جان سے پیارا ہے‘۔ یہ مصرع ایران کے اس قومی ترانے میں شامل تھا جو 1933 ءسے 1979 ءتک ایران میں رائج رہا۔ قومی ترانے کی روایت قومی ریاست کے ارتقا سے جڑی ہے۔ قومی ترانہ دراصل مقتدر بندوبست کی عکاسی کرتا ہے۔ 1873 میں دودمان قاجار کے فرماں روا ناصر الدین شاہ نے فرانسیسی موسیقار Alfred Jean Baptiste Lemaire سے ایران کے قومی ترانے کی دھن مرتب کرائی۔ سلام شاہی (Royal Salute) کے عنوان سے اس سازینے میں فارسی زبان کے کسی لفظ کو زحمت نہیں دی گئی تھی۔ طوائف الملوکی، قحط اور جنگوں کے ایک پیچیدہ سلسلے کے بعد 1921 ءسے 1925 ءکے درمیانی برسوں میں رضا شاہ پہلوی نے حکومت سنبھالی۔ اس دوران سلطنت برطانیہ ایران میں تیل اور گیس کے ذخائر کی صورت میں ایک ایسا خزانہ دریافت کر چکی تھی جو بھلے اہل ایران کے حیطہ خیال سے ماورا تھا لیکن مستقبل پر آنکھ رکھنے والی عالمی طاقتوں سے پوشیدہ نہیں تھا۔ برطانوی حکومت کے ایما پر انگریز سرمایہ کار William Knox D ’Arcy نے ایرانی حکومت سے تیل پر اجارے کیلئے معاملت شروع کی اور بالآخر 1908ءمیں اینگلو پرشین آئل کمپنی کے نام پر محمد علی شاہ قاجار سے ایران میں تیل اور گیس پر ساٹھ برس کے لئے ملکیتی حقوق حاصل کر لیے۔ اس سودے میں ایرانی حکمران کو بیس ہزار پائونڈ اور اتنی ہی ملکیت کے حصص ملے نیز آئندہ منافع میں 16فیصد حصہ دینے کا وعدہ کیا گیا۔ 1925 ءمیں رضا شاہ نے پہلوی خاندان کی حکومت قائم کی۔ اس نے 1933ءمیں دائود نجمی مقدم سے سرود شہنشاہی کے عنوان سے ایران کا نیا ترانہ لکھوایا۔ اس ترانے کی موسیقی محمد ہاشم افسر نے مرتب کی۔

پہلا مصرع ہی اعلان کرتا تھا، ’شاھنشاہ ما زندہ بادا‘۔ ’ہمیشہ خواہیم وطن را از دل و جانان‘ ترانے کا آخری حصہ ہے۔ رضا شاہ پہلوی کی ابدیت کا راز اگست 1941ءمیں کھلا۔ ایک صبح اہل تہران بیدار ہوئے تو برطانوی اور روسی ٹینک شاہی محل کے دروازے پر کھڑے تھے۔ انہیں روس کو فوجی امداد پہنچانے کے لئے ’غیر جانبدار‘ ایران سے راستہ درکار تھا لیکن رضا شاہ پہلوی کو مطلع کرنا مناسب نہیں سمجھا گیا۔ بلکہ انہیں معزول کر کے ان کے 22سالہ صاحبزادے محمد رضا پہلوی کو تخت نشین کر دیا گیا۔ یہ قبضہ مارچ 1946 ءتک قائم رہا۔ اس دوران ڈاکٹر محمد مصدق جولائی 1952ءمیں ایران کے وزیراعظم منتخب ہو گئے۔

انہوں نے ایرانی وسائل پر بیرونی قبضے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تیل اور گیس کو قومیانے کا اعلان کر دیا۔ محمد رضا پہلوی ایران سے اٹلی فرار ہو گئے۔ تاہم برطانیہ سمیت مغربی اقوام کے لئے یہ اقدام ناقابل قبول تھا۔ امریکی سی آئی اے اور برطانوی خفیہ اداروں نے ایرانی وطن فروشوں سے سازباز کر کے ڈاکٹر مصدق کے خلاف بغاوت کروا دی۔ چرچل، امریکی وزیر خارجہ جان فاسٹر ڈلس اور ڈائریکٹر سی آئی اے ایلن ڈلس کی یہ سازش اب امریکی تاریخ میں نصابی طور پر تسلیم کی جاتی ہے۔ استعماری طاقتوں کی اسی ساز باز اور ریاستی تشدد کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے لئے فیض صاحب نے جیل میں ’ایرانی طلبا کے نام‘ اپنے معروف نظم لکھی تھی۔

مغربی مدد سے دوبارہ اقتدار میں آنے والا محمد رضا پہلوی خطے میں امریکا اور سرمایہ دار دنیا کا کوتوال ٹھہرا۔ اس کے خفیہ ادارے ساواک نے ایرانی عوام پر عقوبت خانوں کے دروازے کھول دیے۔ ایران کا تعلیم یافتہ اور روشن خیال طبقہ اشتراکی جماعت تودہ پارٹی کا حامی تھا لیکن ان کی تعداد بہت کم تھی۔ ایران کا مراعات یافتہ طبقہ شہنشاہیت کا حامی تھا۔ ناخواندہ عوام کی اکثریت قدامت پسند وں کی حلقہ بگوش تھی۔

محمد رضا پہلوی کے مستبد طرز حکومت کے باوجود ایران مشرق وسطیٰ میں معاشی ترقی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ 1959ءسے 1970ءکے عشرے میں ایرانی معیشت کا حجم 3.8ارب ڈالر سے بڑھ کر 10.6 ارب ڈالر کو جا پہنچا۔ بیرونی سرمایہ کار قطار بنائے ایران کا رخ کر رہے تھے۔ تاہم معاشی ترقی کے اس پردے کی اوٹ میں سیاسی بے چینی پھیل رہی تھی۔ ترقی پسند طبقہ شاہِ ایران کو مغرب کی کٹھ پتلی سمجھتا تھا جب کہ قدامت پسند طبقے کو جدید ایرانی معاشرت سے نفرت تھی۔

ایرانی حکومت کے خفیہ اداروں اور محلاتی سازشوں کے ستائے عوام بادشاہت کو مسلط کردہ آمریت سمجھتے تھے۔ 1977ءکے موسم خزاں میں یہ لاوا پھوٹ بہا۔ چند سو افراد کے احتجاج سے شروع ہونے والی تحریک شہر شہر پھیل گئی۔ ترقی پسند طبقہ اپنے بہتر سیاسی شعور کے باوجود اس تنظیمی بست و در سے محروم تھا جو قدامت پسندوںکو مساجد اور مدارس کی صورت میں دستیاب تھا۔ 1963ءمیں جلاوطن کیے جانے والے ایک مذہبی پیشوا آیت اللہ خمینی نے کیسٹ ریکارڈ تقریروں سے ایران کے کونے کونے میں آتش سرکشی بھڑکا دی۔ محمد رضا اس عوامی سیلاب کی قوت سمجھنے میں ناکام رہا اور اسے 11فروری 1979 ءکو ایران سے فرار ہونا پڑا۔ 28 فروری 1979ءکو تہران پہنچنے پر آیت اللہ خمینی کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ جلد ہی واضح ہو گیا کہ ایرانی عوام شہنشاہیت کے پنجہ استبداد سے نکل کر مذہبی پیشوائوں کے اقتدار میں آگئے ہیں۔

ترقی پسند عناصر کو چن چن کر ہلاک کیا گیا۔ ایران پر ایک سخت گیر پیشوائیت نافذ کر دی گئی۔ عورتیں، طالب علم اور محنت کش رہے سہے حقوق سے بھی محروم ہو گئے۔ ایرانی انقلاب کے ابتدائی برس قتل وغارت سے عبارت تھے۔ ایران کی نوآمدہ حکومت اپنے انقلاب کو مشرق وسطیٰ اور دوسرے خطوں میں برآمد کرنا چاہتی تھی جس سے مشرقِ وسطیٰ کی موروثی حکومتوں میں بے چینی پھیل گئی۔ ایرانی پیشوائیت نے مغربی ممالک سے مخاصمت اختیار کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں اپنے پروردہ گروہوں کا جال بچھا دیا۔ اکتوبر 2023ءسے جون 2025 ءتک کا تصادم اسی چالیس سالہ کشمکش کا منطقی انجام ہے۔ یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ ایران کی حکومت حالیہ جنگ میں اپنی شکست کے بعد کیا راستہ اختیار کرتی ہے۔ ایران دنیا کے ساتھ سفارتی معاملت کا راستہ بھی اپنا سکتا ہے اور درپردہ مزاحمت کا امکان بھی موجود ہے۔ ہمارے ملک کے ایران سے قدیمی، تاریخی، ثقافتی، لسانی تعلقات ہیں اور ہمیں اہل ایران کی سلامتی عزیز ہے۔ تاہم آئندہ لائحہ عمل بہر صورت ایرانی قیادت ہی کو طے کرنا ہے۔

تازہ ترین