اسلام آباد (فاروق اقدس)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فیلڈ مارشل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اچھے انسان اور متاثر کن شخصیت کے مالک ہیں۔ نیٹو سمٹ سے خطاب میں انھوں نے کہا پاک بھارت جنگ نہ رکواتے تو جوہری تنازع ہو سکتا تھا، پاکستان اور بھارت کو تجارت کا پیغام دیا، مودی پرواضح کیا جنگ کرو گے تو تجارت نہیں کریں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی تھی اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا تھا۔ ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے پیچیدہ علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی تھی۔انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، انہیں بھارت کے خلاف جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کیلئے مدعو کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔صدر ٹرمپ کے مطابق اگر وہ مداخلت نہ کرتے تو دونوں جوہری ممالک کے درمیان کشیدگی جنگ میں بدل سکتی تھی۔ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کی قیادت سے براہِ راست بات کی اور پیغام دیا کہ “ اگر آپ جنگ کریں گے تو کوئی تجارتی ڈیل نہیں ہوگی۔“صدر ٹرمپ کے مطابق اس پیغام کا اثر ہوا اور دونوں ممالک نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔