• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا،عمران خان آئی ایم ایف کی شرط پر سرپلس بجٹ رکھنے کے مخالف

پشاور(ارشد عزیز ملک )خیبرپختونخوا اسمبلی نے مالی سال 2025-26 کا بجٹ عمران خان کی منظوری کے بغیر منظور کیا ، جس پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی کے اندر شدید ردعمل کا سامنا ہے۔

 پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے اس اقدام کو پارٹی پالیسی سے انحراف اور قیادت کی نافرمانی قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے کارکن علی امین گنڈاپور پر برس پڑے اور انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے ۔

علی امین اور دیگر تحریک انصاف کے ایم پی ایز کو غدارکے القابات سے نوازا جارہا ہے ۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر بجٹ منظور نہ کیا جاتا تو صوبے کو آئینی بحران کا سامنا ہوتا۔

وفاق سازشیں کررہا ہے اورصوبے میں گورنر راج نافذ کرنے کی تیاریاں کی جارہی تھیں ،سب سے اہم سوال یہ ہے کہ عمران خان خیبرپختونخوا کے بجٹ پر کیوں بریفینگ لینا چاہتے ہیںبجٹ میں کون سی تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں ۔

تحریک انصاف کے انتہائی ذمہ دار ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان خیبرپختونخوا کے بجٹ میںآئی ایم ایف کے مطالبے پر 157ارب روپے سرپلس رکھنے پر خوش نہیں ہیں ان کا موقف ہے کہ وفاق پورے ملک کو قرضوں میں جکڑ رہا ہے لہذا اس رقم کو عوامی فلاح وبہبود پر لگایا جائے۔

آئی ایم ایف کے مطالبے پر صوبے میں سرپلس رقم نہیں رکھی جائے گی ۔اسی بنا پر عمران خان خود صوبائی بجٹ پر بریفینگ چاہتے ہیںاور سرپلس بجٹ کو دیگر منصوبوں کا حصہ بنانا چاہتے ہیں ۔

تحریک انصاف نے سابق وزیراعلی محمود خان کے دور میں بھی سرپلس بجٹ دینے سے انکار کردیا تھا اس طرح بورڈ کے طے شدہ اجلاس سے چند دن قبل آ ئی ایم ایف پروگرام کو ممکنہ طور پر خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔

وزیراعلی کے مشیر اطلاعات محمد علی سیف نے تصدیق کرتے ہوئے جنگ کو بتایا کہ عمران خان نے سرپلس بجٹ کے حوالے سے کہا تھا کہ اگر صوبے کے پاس سرپلس بجٹ ہوگا تو وفاق کیوں صوبے کو فنڈزدے گا ۔

انھوں نے کہاکہ عمران خان ناراض نہیں تھے بلکہ وہ چاہتیے تھے کہ تعلیم ٗصحت اور ماحولیات میں زیادہ رقم رکھی جائے ۔

تحریک انصاف کےایک رہنما نےنام نہ شائع کرنے کی شرط پر جنگ کو بتایا کہ بعض پارٹی کے رہنمائوں نے عمران خان کو جان بوجھ کر غلط معلومات فراہم کیں انھیں بتایا گیا کہ ائندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ایم ایف کی شرط پر 157ارب روپے کا سرپلس بجٹ رکھا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید