کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے لئے 94مطالبات زر پر 896 ارب 47کروڑ سے زائد کے بجٹ کی منظوری دیدی ، جس میں غیرترقیاتی اخراجات کیلئے 666ارب83 کروڑ اور ترقیاتی اخراجات کیلئے 289ارب 64 کروڑ روپے سے زائد شامل ہے ، اپوزیشن کی جانب سے کٹوتی کی 10تحریکیں پیش ، ایک تحریک واپس لی گئی دیگر منظور نہ ہوسکیں ،بجٹ میں عوامی بہبود کی بہت سی اسکیمات شامل ہیں،غیرترقیاتی اخراجات کیلئے666ارب83کروڑ اور ترقیاتی اخراجات کیلئے 289ارب 64کروڑ روپے سے زائد رقم شامل ہے،۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بدھ کو 45 منٹ کی تاخیر سے اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی صدارت شروع ہوا ، اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے آئندہ مالی سال کے غیرترقیاتی اخراجات کی مد میں 53 مطالبات زر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک رقم جو ایک کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد نہ ہو وزیراعلیٰ کو ان اخراجات کی کفالت کیلئے عطاء کی جائے جو مالی سال از یکم جولائی 2025 تا 30 جون 2026 کے دوران بسلسلہ مد اسٹیٹ ٹریڈنگ (ووٹڈ ) برداشت کرنے پڑیں گے ، جس کی ایوان نے منظوری دیدی ۔