کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں رات کو اچانک بارش نے شہری اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی،شہر بھر کی سڑکوں اور علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی،340فیڈر ٹرپ ہوگئے،ہزاروں شہری مختلف علاقوں کی شاہراہوں پر پھنس گئے،نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث پانی کی نکاسی نہ ہوسکی، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی ، پنجاب بھر میں حادثات میں 7افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی رات کو گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ شمالی ناظم آباد کاٹھور، گڈاپ،ملیر ، صفورا، امروہہ سوسائٹی ، ماڈل کالونی،شارع فیصل، سرجانی ٹاؤن اورگلشن حدید، میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ جمعہ کو بھی جاری رہے گا۔دوسری جانب بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 340سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے گلشن اقبال، نارتھ کراچی ، ناظم آباد، لیاری ، سرجانی، گڈاپ، گلشن معمارکےعلاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔لیاقت آباد، کورنگی، اولڈ سٹی ایریا اور جمشید روڈ کے علاقوں میں بھی بجلی غائب ہوگئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔آئی آئی چندریگر روڈ، طارق روڈ، ڈیفنس، اسکیم 33، نارتھ کراچی اور سعدی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی ۔سرجانی ٹاؤن اورطارق بن زیاد سوسائٹی ملیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے ساتھ ہی بجلی غائب ہوگئی۔