کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے جمعہ کے روز ادارہ نور حق میں 2025-26 بجٹ کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ و ٹاؤن چیئرمینوں کے ہمراہ صحافیوں کو پوسٹ بجٹ بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کراچی میگا میٹروپولیٹن سٹی کی حیثیت رکھتا ہے، کراچی کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 500 ارب،ہر ٹاؤن کو 2ارب اورہر یوسی کے لیے 2 کروڑ روپے مختص کیے جائیں، رواں ماہ وفاقی و صوبائی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بجٹ پیش کیا گیا اور کثرت رائے کے ساتھ منظور بھی کرلیا گیا، اس بجٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی کسی بھی حکومت کی ترجیح میں شامل نہیں۔مسلم لیگ ن کوکبھی کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں رہی ہے جب کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر اچی کو تباہ و برباد کیا اور آج بھی ان کو کراچی سے کوئی سروکار نہیں ہے، کراچی کے لیے وفاق اور صوبے کے پاس کوئی وژن موجود نہیں اور کے ایم سی کا بجٹ صرف الفاظ کا گورکھ دھندا ہے،قابض مئیر مرتضیٰ وہاب میں اتنی اہلیت نہیں ہے کہ وہ اپنی حکومت سے بجٹ کے حوالے سے بات کرسکیں، سندھ حکومت کے 3451ارب روپے کے بجٹ میں کے ایم سی کے لیے صرف37ارب 44کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جو صوبے کے بجٹ کا 1.1 فیصد ہے۔