کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی کے حوالے سے ملنے والی انٹیلیجنس رپورٹس میں تشویش ناک شواہد سامنے آئے، تو وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر دوبارہ فضائی حملوں پر "یقیناً" غور کریں گے، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے بیان پر جلد رد عمل دوں گا، انہوں نے کینیڈا کیساتھ تجارتی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان بھی کردیا، ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی قریب ہے ، وہ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن کیساتھ بھی مذاکرات کے ذریعے تنازع ختم کریں گے ، ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو جمہوریہ کانگو اور روانڈا کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے دوران واشنگٹن میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کو تاریخی قرار دیا۔ٹرمپ نے کہا، "پورا خطہ امید ،مواقعوں، ہم آہنگی، خوشحالی اور امن کے ایک نئے باب کا آغاز کر رہا ہے۔ یہ ایک شاندار دن ہے۔ برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگو کے صدر کو وائٹ ہائوس مدعو کرنے کے حکم نامے پر دستخط بھی کردیئے ۔