• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی پراکسی کا خودکش حملہ، 13 جوان شہید

راولپنڈی، اسلام آباد (ایجنسیاں، نامہ نگار خصوصی) خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے بزدلانہ خودکش حملے میں سیکورٹی فورسز کے 13جوان شہید ہوگئے، خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کو سیکورٹی فورسز کے قافلے کے قریب اڑا دیا، حملے میں 2بچے اور خاتون سمیت تین شہری بھی شدید زخمی ہوئے، واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے خوارج کیخلاف آپریشن کیا، آپریشن دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے کے تمام مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا، ہر قیمت پر وطن کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں، صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے، صدر مملکت نے کہا بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا ، وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد گروہ "فتنہ الخوارج" نے آج شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ایک بزدلانہ حملہ کیا۔ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کے قافلے سے ٹکرانے کی کوشش کی، تاہم اگلی گاڑی میں موجود جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔ حملہ آور کی ناکامی کے بعد خوارج نے ایک اور بارودی گاڑی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خود کش حملے میں 13 بہادر سپوت مادر وطن پر قربان جبکہ دو بچوں اور خاتون سمیت تین شہری شدید زخمی بھی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان ، حوالدار میاں یوسف ، نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، محمد رمضان، نواب، زبیر احمد، محمد سخی، ہاشم عباسی اور سپاہہ منظر علی نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 14 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔

اہم خبریں سے مزید