اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وزیر اعظم شہباز شریف اتوار کے روز سابق وفاقی وزیر چودھری نثار علی خان کے گھر پہنچ گئے اور ان سے ملاقات کی دونوں دوست گرم جوشی سے بغل گیر ہوئے، ماضی کی یادیں تازہ کیں، ن لیگ میں واپس آنے کی پیشکش کی چوہدری نثارنے دوستوں سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا ، وزیراعظم نے چودھری نثار سے ان کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ ملک کوآپ کی ضرورت ہے ۔ملاقات میں ملکی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کی۔ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ سیا سی حلقے اس ملاقات کو اہم پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان مسلم لیگ ن کے مرکز ی رہنمائوں میں سے تھے اور شہباز شریف کے قریبی دوست تھے۔ بعد ازاں وہ ناراض ہوگئے اور اپنا سیاسی راستہ جدا کرلیا تاہم انہوں نے کوئی اور سیاسی جماعت جوائن نہیں کی۔ ملاقات میں چوہدری نثار علی خان کے صاحبزادے چوہدری تیمور علی خان بھی موجود تھے۔