پشاور(نمائندہ جنگ)کاونٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ پشاور نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیاہے، شمشتوارمڑ میں آپریشن کے دوران مبینہ خودکش بمبار ساتھی سمیت ہلاک ہوگیا ۔ سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق شمشتوارمڑ کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا خودکش بمبار ساتھی سمیت ماراگیا اور ان سے بارودی مواد، اسلحہ اورخودکش جیکٹ بھی برآمد کرلی گئی۔ سی ٹی ڈی بیان کے مطابق دہشتگردپشاور میں تباہی اورحساس مقامات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارہے تھے ۔سی ٹی ڈی کے مطابق بمبار کی شناخت منیراحمدسکنہ ننگرہارافغانستان سے ہوئی ہے جس کا وہ نومبر 2024سے تلا ش کررہے تھے اور وہ خوست افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔اس کے خلاف 23نومبر 2024کو دہشتگردی سمیت مختلف دفعات کے تحت سی ٹی ڈی پشاور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔اس اطلاع پر انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دونوں دہشتگردں کو ہلاک کردیا ۔ پولیس نے نیٹ ورک کے دوسرے دہشتگردوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔