• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سفیر محمد کامران اختر ملک اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی بورڈ کے صدر منتخب

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو

آسٹریا میں پاکستانی سفیر محمد کامران اختر ملک اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی بورڈ کے صدر منتخب ہوگئے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر محمد کامران اختر ملک کو اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی بورڈ (UNIDO) کے 53 ویں اجلاس کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ 

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو اس باوقار عہدے سے نوازا گیا ہے اور یہ ملک کے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔

انتخاب کے بعد اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی بورڈ (UNIDO) کے ڈائریکٹر جنرل نے سفیر کامران اختر کو مبارکباد دی اور تنظیم میں پاکستان کے بھرپور کردار اور عزم کو سراہا۔ 

سفیر کامران اختر نے اپنے بیان میں تمام رکن ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ترقی پذیر ممالک، کم ترقی یافتہ ممالک (LDCs) اور چھوٹی جزیراتی ترقی پذیر ریاستوں (SIDS) میں صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے ادارے کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پُرعزم ہوں۔

یہ انتخاب اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی بورڈ (UNIDO) کے رکن ممالک کی طرف سے پاکستان پر کیے گئے اعتماد کا مظہر ہے۔ 

پاکستان ویانا میں قائم تمام بین الاقوامی تنظیموں میں فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی بورڈ (UNIDO) کے ساتھ قریبی تعاون کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان کا اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی بورڈ (UNIDO) کے ساتھ 350 ملین یورو سے زائد مالیت کا ایک وسیع منصوبہ جاتی پورٹ فولیو ہے جس میں ٹیکسٹائل، چمڑا سازی، ماہی گیری، فوڈ سیفٹی، موسمیاتی اقدامات اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبے شامل ہیں۔ 

اس کے علاوہ، PAIDAR اور PAFAID جیسے منصوبوں نے دیہی کمیونٹیز کی پائیدار ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

رواں سال پاکستان اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی بورڈ (UNIDO) کے ساتھ اپنی کنٹری پارٹنرشپ پروگرام (CPP) کے نئے مرحلے کا آغاز کرنے جا رہا ہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں متعدد نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید