اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہمارا ایک مینڈیٹ 8فروری 2024ء کو چوری ہوا، ہمارے باقی کے مینڈیٹ پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا ہے، مخصوص نشستوں کے فیصلے نے بتا دیا کہ ملک بے آئین ہوچکا ہے، مخصوص نشستوں کو مال غنیمت سمجھ کر تقسیم کیا گیا۔ جاری بیان میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پوری قوم کی امنگوں کو گھونٹ دیا گیا ہے، یہ وہ پاکستان ہے جس میں سچ بولنا جرم بن چکا ہے، ہم ایسی ریاست میں ہیں جہاں نظام مفلوج ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ ہائوس میں بے ضمیروں کی منڈیاں لگیں، خرید و فروخت ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے جمہوری مزاحمت کی۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 180 سیٹیں جیتیں لیکن 17سیٹوں والی جماعت کو 110سیٹیں دیکر حکومت پکڑا دی، آج سارے کا سارا عدالتی نظام تباہ ہوچکا ہے۔پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی، اڈیالہ جیل کے باہر شام 4بجے تک روکے رکھتے ہیں پھر کہتے ہیں وقت ختم ہوگیا۔