اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ پاکستان کو ٹورزم برانڈ کے طور پر بیرون ملک متعارف کروایا جائے،صوبوں کے تعاون سے پورے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات لیے جائیں، وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ سیاحت کے فروغ کے لئے خصوصی ٹورزم زون بنائے جائیں۔ بین الاقوامی سیاحوں کی پاکستان کے سیاحتی مقام پر آمدورفت کو سہل بنانے کے لئے پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر مل کر کام کریں۔ وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز اپنی زیر صدارت پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے اجلاس کے دوران دی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے شعبہ سیاحت میں زر مبادلہ کمانے کی لا محدود استعداد موجود ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور لازوال خوبصورتی سے نوازا ہے۔ شمالی علاقوں میں برف پوش پہاڑ، جنگلات، دریا، حتی کہ میدان اور ریگستانی علاقے اور ایسے دیگر قدرتی وسائل کی بدولت ہمارا ملک دنیا میں کسی بھی ملک سے سیاحت کے ضمن میں کم نہیں، ملکی ترقی کے ویژن کے تحت پاکستان کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے۔