• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

4 ہائیکورٹس کیلئے مستقل چیف جسٹس، جسٹس ڈوگر اسلام آباد، جسٹس عتیق پشاور، جسٹس روزی خان بلوچستان، جسٹس جنید سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہونگے

اسلام آباد(رپورٹ:رانامسعود حسین) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کوپشاور ہائیکورٹ، جسٹس روزی خان کو بلوچستان ہائیکورٹ جبکہ جسٹس محمد جنید غفارکو سندھ ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کے طور پر نامزد کردیا ہے۔ ججز کی تقرری کیلئے ناموں کی منظوری چاروں ہائیکورٹ کے سینئر ترین تین ججز کے ناموں پر غور کے بعد دی گئی۔ ذرائع کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کے حق میں 9اکثریتی ووٹ آئے، چیف جسٹس اورPTIکے2 ارکان نے جسٹس گل حسن اورنگزیب کے حق میں ووٹ دیا جبکہ جسٹس منصور اور جسٹس منیب نے جسٹس محسن اختر کو ووٹ دیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس/ جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم کورٹ بلڈنگ اسلام آباد میں منعقد ہوا،جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ، سندھ ہائیکورٹ، بلوچستان ہائیکورٹ اور پشاور ہائیکورٹ میں مستقل چیف جسٹسز کی تقرری کے معاملہ پر غورکیا گیا۔ بعد ازاں مذکورہ بالا تقرریوں کی سفارشات کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس شروع ہوا تو جسٹس منصور علی شاہ نے اعتراض کیا کہ چاروں ہائی کورٹوں میں مستقل چیف جسٹسز کی تقرری سے قبل سپریم کورت میں 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف دائر درخواستوں کا فیصلہ ہونا چاہیے۔ جسٹس منیب اختر، اپوزیشن کے دو اراکین اور وزیر قانون خیبرپختوا نے بھی انکی رائے سے اتفاق کیا، تاہم اکثریتی اراکین کی جانب سے اعتراض کو مسترد کردیا گیا اوراجلاس کی کارروائی جاری رکھی گئی۔ اجلاس کے دوران پشاور ہائیکورٹ میں مستقل چیف جسٹس کی تقرری کیلئے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور کے بعد جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کے نام کی منظوری دی گئی ، اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ سے جسٹس روزی خان، جسٹس محمد کامران خان اور جسٹس اقبال احمد کاسی کے ناموں پر غور کیا گیا اورجسٹس روزی خان کو بطور مستقل چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نامزد کردیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید