کوئٹہ(اے پی پی) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں منگل کو سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، جبکہ واقعے میں ایک 16 سالہ لڑکا جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ شہر میں واقع بینکوں اور سرکاری دفاتر پر حملہ کر کے انہیں آگ لگا دی۔ حملے کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سکیورٹی فورسز، جن میں فرنٹیئر کور (ایف سی)، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور لیویز فورس شامل تھیں، نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جوابی کارروائی شروع کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو حملہ آور ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔