نیویارک (تجزیہ ،عظیم ایم میاں) نیویارک شہر کے زمینی حقائق اورمسلم امیدوار برائے میئر؟ ، ظہران ممدانی کو اسرائیلی لابی سے مشکلات عالمی منظر نامے کے امریکا کی داخلی صورتحال پر بھی اثرات ۔ غزہ کی یکطرفہ جنگ اور فلسطینیوں کے قتل عام اور تباہی نے جہاں عالمی صورتحال کو تبدیل کردیا ہے وہاں اس کےاثرات امریکا کی داخلی صورتحال اور رائے عامہ پر بھی اثرات ہوئے ہیں ، غزہ میں جنگ بندی اور نہتے فلسطینوں پر بمباری کرنے کے خلاف امریکی شہروں اور درسگاہوں میں احتجاجی مظاہروں اور امریکی حکومت کے حتجاجی مظاہروں کے خلاف اقدامات اس کا مظہر ہیں ، عالمی اہمیت کے حامل امریکا کے اہم شہر نیویارک کے انتخابی سیاست میں ظہرا ن ممدانی کی آمد اور امریکی سیاست کی دو بڑی سیاسی پارٹیوں پر مشتمل سیاسی نظام کی ڈیموکریٹک پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے پارٹی کے پرائمری انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے ایک تاریخ رقم کردی ہے ، نیویارک شہر کے میئر کا عہدہ بہت سی امریکی ریاستوں کی گورنری سے بھی زیادہ اہمیت اور افادیت کا حامل ہے اور امریکی سیاسی نظام میں بھی ممتاز مقام کا حامل ہے ، ظہران ممدانی کی موجودہ تاریخی کامیابی ، آئندہ نومبر کے عام انتخابات میں جیت کے امکانات اور لاحق سیاسی اور عوامی مسائل کا جائزہ لینے کے لئے ضروری ہے کہ ظہران ممدانی کی ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستگی ، ممدانی کے اعلان کردہ انتخابی ایجنڈہ، بیانات، نیویارک سٹی کے ووٹروں اور سیاسی و انتخابی اثرات کے حامل گروہوں اور نیویارک کی معیشت کے موثر کاروباری اداروں کے کردار اور رد عمل کا جائزہ لیا جائے۔